اسلام آباد( اباسین خبر)غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی بندش کا معاملہ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزارت داخلہ سے وی پی این کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کردی ہے۔ذرائع پی ٹی اے کے مطابق وی پی اینز کی رجسٹریشن کی معیاد ختم ہونے کے قریب ہے اور اس عمل کو تیز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت یومیہ 200 سے زائد وی پی اینز کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی اے نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی، جنہوں نے رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ سٹیک ہولڈرز نے اس عمل کو آسان بنانے کی درخواست بھی کی۔پی ٹی اے کے مطابق غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی رجسٹریشن کے احکامات وزارت داخلہ کی جانب سے دیے گئے ہیں، اور وی پی اینز کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا اختیار وزارت داخلہ کا ہے۔ پی ٹی اے نے 30 نومبر کو وی پی اینز کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی اے نے یکم دسمبر سے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی بندش کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی اے کی وزارت داخلہ سے وی پی این رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کی درخواست
21