اسلام آباد( اباسین خبر)بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو آج پاکستان پہنچیں گے، جہاں ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں ہوں گی۔بیلا روس کا وفد، جس کی قیادت وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف کر رہے ہیں، پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔ وفد کا استقبال وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ شفقت علی خان نے کیا۔ اس وفد میں بیلا روس کے وزیر خارجہ سمیت 8 وزرا شامل ہیں، اور مجموعی طور پر وفد 68 افراد پر مشتمل ہے، جن میں 43 تجارتی افراد بھی شامل ہیں۔پاکستان میں بیلا روس کے سفیر سجاد حیدر خان بھی وفد کے استقبال کے موقع پر موجود تھے۔اس سرکاری دورے کے دوران، پاکستان اور بیلا روس کے درمیان ٹریڈ روڈ میپ پر دستخط کیے جائیں گے، اور مختلف شعبوں میں 4 مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے، جن میں زراعت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی اور ادویات سازی شامل ہیں۔دونوں ممالک میں مشترکہ طور پر الیکٹرک بسوں کی پیداوار کے منصوبے کو حتمی شکل دینے پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ زرعی مشینری اور ٹریکٹرز کی تیاری کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ، تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی و دفاعی تعاون اور خطے و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بیلا روسی صدر کی آج پاکستان آمد، اہم ملاقاتیں، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط شیڈول
17