لاہور( ابا سین خبر)صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی فائنل کال ناکام ہوگئی، پنجاب سے صرف 80 افراد باہر نکلے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ “کل فائنل کال اور انقلاب ڈے تھا، لیکن پنجاب اور لاہور میں عوام نے کال پر لبیک نہیں کہا، صرف 80 لوگ پورے پنجاب سے باہر نکلے۔ خیبرپختونخوا میں بھی ابھی تک انقلاب کی نیند جاری ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ “پچھلی کال پر بھی 250 افراد باہر نکلے تھے، لیکن عوام نے بار بار فتنے کی کال کو مسترد کیا ہے، اور وزیراعلی کو بھرپور حمایت دی ہے۔ بشری بی بی نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو چھڑانا ہے، لیکن جب وہ خطاب کرنے آئیں، تو انقلاب سو رہا تھا۔”عظمی بخاری نے علیمہ باجی کی غیر موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “علیمہ باجی کہیں نظر نہیں آئیں، جبکہ بشری بی بی نے 4 افراد کے سامنے خطاب کیا۔”انہوں نے خیبرپختونخوا کے حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “وہاں کارکنان کو 50 روپے میں خریدا جا رہا ہے، اور علی امین گنڈاپور دہشتگردی کے واقعات کی بجائے وفاق پر چڑھائی کر رہے ہیں۔”وزیراطلاعات نے کہا کہ “پرامن احتجاج اور پی ٹی آئی کا احتجاج دو مختلف باتیں ہیں، کل میانوالی انٹرچینج کو آگ لگائی گئی، پولیس پر حملے ہوئے، اور پولیس کی گاڑیاں تباہ کی گئیں۔”عظمی بخاری نے مزید کہا کہ “زرتاج گل کل ڈھائی سو کارکنوں کے ساتھ نکلیں، اور ان کا سفید جھنڈا کفن پوش انقلاب کی علامت بن چکا ہے۔” انہوں نے کہا کہ “یہ سب کچھ قانون اور آئین کے لیے نہیں، بلکہ حالات خراب کرنے کے لیے ہو رہا ہے۔”انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “پنجاب اور لاہور کے عوام نے احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا، اور تمام شہر معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔”آخر میں انہوں نے کہا کہ “جو گرفتار ہوئے، ان میں سے کئی پہلے سے مطلوب تھے، اور لاہور میں حالات بہتر ہو رہے ہیں۔”
پی ٹی آئی کی فائنل کال پٹ گئی، پنجاب سے صرف 80 لوگ باہر نکلے: عظمیٰ بخاری
11