اسلام آباد( اباسین خبر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشت گردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم مادرِ وطن کی سلامتی کے لیے جان کی قربانی دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔آصف زرداری نے دفاعِ وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بنوں کے علاقے ملی خیل میں سکیورٹی فورسز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو جہنم واصل کیا، تاہم اس عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔واضح رہے کہ بنوں میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
صدر، وزیراعظم کی چیک پوسٹ حملوں کی مذمت
26