کراچی( اباسین خبر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے پہلے مرحلے پر کام میں تیزی لائی گئی ہے، اور عوام کی حفاظت و سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سندھ حکومت کے جاری اعلامیہ کے مطابق، ڈائریکٹر سندھ سیف سٹیز اتھارٹیز آصف اعجاز شیخ نے وزیراعلی سندھ کو پراجیکٹ کی پیش رفت پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے اور کئی اہم سنگ میل حاصل کیے جا چکے ہیں۔ ایکسپو سینٹر اور اس کے گردونواح سمیت متعدد اہم علاقوں میں سخت نگرانی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت 300 پول سائٹس میں سے 157 کامیابی سے نصب کر دی گئی ہیں، اور 20 پولز نے کام شروع کر دیا ہے۔ مزید برآں، 100 کیمرے سی پی او کنٹرول روم اور سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز سے مانیٹر کیے جا رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ آئیڈیاز 2024 کی سخت سکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں، اور اہم مقامات جیسے شاہراہ فیصل، ایکسپو سینٹر، ایئرپورٹ اور سوک سینٹر کے گرد تمام پولز متحرک کیے گئے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے منصوبے کی پیش رفت کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل ضروری ہے تاکہ کراچی میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
عوام کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے: مراد علی شاہ
30