وا شنگٹن ( کامرس ڈیسک)امریکا میں پاکستان کے سفیر، رضوان سعید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ٹیرف کے معاملے پر امریکا سے مذاکرات شروع کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہی امریکی معاون نمائندہ برائے تجارت سے ملاقات طے ہے اور پاکستان کو یقین ہے کہ وہ امریکا کے خدشات کا ازالہ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا ہمیشہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار رہا ہے اور ہماری سب سے زیادہ تجارت امریکا کے ساتھ ہے، اس لیے امید ہے کہ ٹیرف کے معاملے پر سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔امریکا کی ممکنہ سفری پابندیوں پر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ ویزوں کے معاملے پر امریکا کا حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے اور اس حوالے سے بھی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکی حکام کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اصولوں کو پورا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔سفیر پاکستان نے یہ بھی کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، جو پاکستان کی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر کے ممالک کی درآمدی مصنوعات پر کم از کم 10 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جس میں پاکستان پر 29 فیصد اور بھارت پر 26 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف مذاکرات کا آغاز، سفیر کا مثبت نتائج کی امید کا اظہار
6