وا شنگٹن ( ہیلتھ ڈیسک)امریکا میں ایک حیران کن طبی کیس سامنے آیا جہاں ایک خاتون پیروں میں جلن کے احساس کی شکایت کے ساتھ اسپتال پہنچی، اور یہ انکشاف ہوا کہ اس کے دماغ میں طفیلی کیڑے موجود ہیں۔یہ طفیلی کیڑے خاتون کے تھائی لینڈ، جاپان اور ہوائی کے سفر کے دوران اس کے جسم میں داخل ہوئے تھے۔ نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع مقالے میں بتایا گیا کہ یہ کیڑے ابتدا میں خاتون کے مرکزی اعصابی نظام سے منسلک ہوئے اور 12 دن تک خاموش رہے۔ جب خاتون گھر واپس پہنچی، تو اس وقت کیڑوں کی موجودگی کے باعث مدافعتی نظام نے سخت ردعمل دکھایا۔اس کے بعد بھی کیڑوں کی تشخیص کئی دن تک نہیں ہو پائی، جس دوران خاتون کی ٹانگوں اور ہاتھوں میں شدید تکلیف ہوتی رہی۔ بعد میں سر میں پھٹنے والا درد بھی شروع ہوگیا، جس میں ادویات کے استعمال سے کمی نہیں آتی تھی۔ ابتدائی طور پر اسپتال میں اسے خون کے سفید خلیات کی تعداد میں اضافے کا شبہ تھا، لیکن بعد میں علامات میں اضافہ ہونے پر خاتون نے ایک اور اسپتال کا رخ کیا، جہاں ورم کش ادویات کے استعمال سے سر درد ختم ہوگیا اور اسے گھر بھیج دیا گیا۔مگر کچھ دن بعد علامات دوبارہ ظاہر ہو گئیں، اور اس کی ہم جماعت نے اس کے عجیب الجھن بھرے رویے کا مشاہدہ کیا۔ اس کے بعد واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے خاتون کے خون کا معائنہ کیا اور سر کا سی ٹی اسکین کیا، مگر کچھ غیر معمولی نہیں ملا۔ تاہم، جب lumbar puncture طریقہ کار آزمایا گیا، تو طفیلی کیڑوں کی موجودگی کا پتہ چلا، اور ڈاکٹروں نے angiostrongyliasis نامی بیماری کی تشخیص کی۔یہ بیماری چوہوں سے گھونگوں میں منتقل ہونے والے طفیلی کیڑوں سے پھیلتی ہے، جو عام طور پر پتوں والی سبزیوں میں چھپے ہوتے ہیں اور ان کے کھانے سے انسان کے جسم میں پہنچ جاتے ہیں۔ یہ کیڑے پھیپھڑوں کی شریانوں سے مرکزی اعصابی نظام تک پہنچ سکتے ہیں اور جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں، مگر دماغ تک پہنچنا بہت کم ہوتا ہے۔ خوش قسمتی سے، خاتون کا دماغ زیادہ متاثر نہیں ہوا، اور ڈاکٹروں نے کامیاب علاج کے ذریعے اس کی حالت میں بہتری لائی۔اسپتال میں داخل ہونے کے 6 دن بعد خاتون کی تمام علامات اور تکلیف ختم ہو گئی۔
پیروں میں جلن کا سامنا کرنیوالی خاتون کے دماغ میں کیڑے کے پہنچ جانیکا انکشاف
1