کوئٹہ ( اباسین خبر)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فائل ٹریکنگ سسٹم، آئی پی ایم ایس، دوہری نوکریاں، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے سمیت دیگر اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی سمیت تمام سیکرٹریز نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے اپنے خطاب میں تمام سیکرٹریز کو فائل ٹریکنگ سسٹم اور پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوام کی جانب سے درج شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جو کیسز پینڈنگ ہیں یا جو اوور ڈیو ہیں، انہیں جلد از جلد نمٹایا جائے۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنے عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں اور ہر محکمہ اپنے ترقیاتی منصوبوں کی کانسیپٹ پیپر تیار کر کے پی اینڈ ڈی کو بھیجے تاکہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز ہو سکے اور ان کی تکمیل وقت پر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل سے صوبہ ترقی کرے گا اور لوگوں کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز اپنے محکموں کی ویب سائٹس کو اپڈیٹ کریں اور کمشنرز اپنے سوشل میڈیا اکانٹس بنا کر ترقیاتی منصوبوں کی ویڈیوز اور تصاویر روزانہ کی بنیاد پر اپ لوڈ کریں تاکہ عوام کو منصوبوں کے بارے میں آگاہی مل سکے۔اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں 481 افراد دوہری نوکریاں رکھتے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے دوہری نوکریاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔
تمام سیکرٹریز ضلعوں میں اپنے عملے کی حاضری کو یقینی بنائے،چیف سیکرٹری
1