اسلام آباد( اباسین خبر)جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دارالعلوم حقانیہ اور مولانا حامد الحق پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ان کے اپنے گھر اور مدرسے پر حملہ ہے۔مولانا فضل الرحمان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ مولانا حامد الحق کی شہادت اور دارالعلوم حقانیہ پر دھماکے کی خبر سے غمزدہ اور دل شکستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے انسانیت، مسجد، مدرسہ، جمعہ کے مبارک دن اور ماہ رمضان کی حرمت کو پامال کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور بدامنی معاشرے کے لیے ناسور بن چکی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ کے پی میں بدامنی کے مسائل پر وہ طویل عرصے سے آواز اٹھا رہے ہیں لیکن ریاست خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ انسانیت کی جان، مال، عزت اور آبرو محفوظ نہیں رہی۔ انہوں نے مولانا عبدالحق کے خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خود کو بھی تعزیت کا مستحق سمجھا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مولانا حامد الحق اور دیگر شہدا کی شہادت قبول کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔اس کے علاوہ، مولانا فضل الرحمان نے مدینہ منورہ سے مرحوم مولانا حامد الحق کے بیٹے حافظ سلمان الحق سے رابطہ کیا اور واقعے کی تفصیلات معلوم کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔
دارالعلوم حقانیہ پر حملہ میرے گھر اور مدرسے پر حملہ ہے، فضل الرحمان
5