کو ئٹہ ( اباسین خبر)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مادری زبانوں کا تحفظ اور ترقی قوم کی شناخت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21 فروری کو منایا جانے والا مادری زبانوں کا عالمی دن اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ مادری زبانیں نہ صرف اظہار کا ذریعہ ہیں بلکہ یہ قوموں کے درمیان ہم آہنگی، اتحاد اور تہذیبی ورثے کی منتقلی کا بھی ایک اہم وسیلہ ہیں۔مادری زبانوں کے عالمی دن کا مقصد انسانوں کے درمیان رواداری کو فروغ دینا اور قومی ترقی میں زبانوں کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر اور پاکستان کے 1973 کے آئین نے مادری زبانوں کے تحفظ کی ضمانت دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مادری زبانوں کے تحفظ اور ترویج میں دانشوروں، ادیبوں، شاعروں اور پالیسی سازوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ مادری زبانوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ہم ایک زیادہ جامع اور متنوع دنیا کی جانب بڑھ سکتے ہیں، اور ہمارا تنوع ہماری طاقت ہے۔
علم و فکر کی وسعت اور دیرپا ترقی کو یقینی بنانے میں مادری زبانوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے،گورنربلوچستان
4