ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے بحرین کے وزیر برائے اطلاعات رمضان بن عبداللہ النعیمی نے ملاقات کی۔سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماں نے دوطرفہ میڈیا تعاون کو وسعت دینے، مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات بہت مضبوط ہیں اور یہ مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے شعبے میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے میڈیا وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہیں۔وزیر اطلاعات نے بحرین اور پاکستان کے اسٹیٹ میڈیا اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور بحرین کی نیوز ایجنسی بی این اے اور پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے درمیان خبروں کے اشتراک کی تجویز دی۔دونوں اطراف نے حالیہ سالوں میں اعلی سطح کے وفود کے باقاعدہ تبادلوں کا خیرمقدم کیا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بحرین کا پارلیمانی وفد اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے، اور آج بحرین کے پارلیمانی وفد کی وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔اس موقع پر بحرینی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور یہ تعلقات قیادت کی دانشمندانہ رہنمائی کے تحت مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ کامیابیوں کو فروغ دینے کے لیے بحرین کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
عطا تارڑ سے بحرینی ہم منصب کی ملاقات، میڈیا میں تعاون کے عزم کا اعادہ
3