اسلام آباد( اباسین خبر)قومی اسمبلی کی پبلک اکانٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں وزیراعظم کی منظوری کے بغیر انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) رضا عباس شاہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا انکشاف ہوا ہے۔پی اے سی کے چیئرمین جنید اکبر کی زیرِ صدارت اجلاس میں ایف پی ایس سی میں پرائیویٹ ممبرز کی تعیناتی پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ اس معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔پی اے سی نے وزارتِ صنعت و پیداوار کے آڈٹ پیراز کا جائزہ بھی لیا، اور بجٹ کی ناقص منصوبہ بندی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی ڈان سایزنگ کے حوالے سے ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔رضا عباس شاہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی غیر قانونی نوعیت پر کمیٹی اراکین نے سخت ردعمل ظاہر کیا، اور اس پر کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ اس توسیع کے دوران 95 لاکھ 60 ہزار روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کی زمین کے غیر قانونی استعمال کا بھی انکشاف کیا، جس پر فوری طور پر 2 ارب روپے ریکور کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ پی اے سی نے اس معاملے کی ایک ماہ میں چھان بین کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔مزید برآں، پاکستان اسٹیل ملز کی زمین کی تقسیم اور اس سے متعلق بے قاعدگیاں بھی زیرِ غور آئیں، جس کے نتیجے میں نیب کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم کی منظوری کے بغیر سی ای او ای ڈی بی کی مدت ملازمت میں توسیع کا انکشاف
5