لاہور( اباسین خبر)سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی آئی ہے اور مزید کمی سے عوام کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔ وہ پنجاب اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کی مدد سے معیشت بہتر ہوتی نظر آ رہی ہے، اور پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروباری برادری کا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہوگئے ہیں، اور شہباز شریف کی محنت کو عالمی مالیاتی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ مخالفین کے پاس بغض، حسد، گالم گلوچ، بدتمیزی اور بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں، جبکہ ان کی حکومت نے سیاسی، دفاعی اور ترقی کے میدان میں ملک اور قوم کی خدمت کا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ترقی کا تسلسل برقرار رہتا تو ملک خطے اور دنیا میں کہیں آگے ہوتا اور عوام کو تکلیفیں نہ جھیلنی پڑتیں۔وزیرِ اعلی مریم نواز نے ارکان پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیادت، جماعت اور پنجاب کے عوام کا اعتماد ایک بڑی ذمے داری ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی عوامی خدمت کے معیار پر پورا اترنا آسان نہیں۔
مہنگائی میں مزید کمی سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی اُمید ہے: نواز شریف
5