ممبئی ( شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے سپر اسٹارز شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شراف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ تینوں اداکاروں پر مشہور پان مسالہ برانڈ کی توثیق کرنے پر درج کیا گیا، جس میں گمراہ کن اشتہارات کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پان مسالہ برانڈ اور اس کی متنازعہ ٹیگ لائن “بولو زبان کیسری” کی وجہ سے اداکاروں کو یہ قانونی مشکلات درپیش آئی ہیں۔شکایت موہن سنگھ ہانی نامی شخص نے درج کروائی، جس کا دعوی ہے کہ اشتہار میں نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور یہ جھوٹا دعوی کیا گیا ہے کہ اس پروڈکٹ میں زعفران شامل ہے۔ شکایت کنندہ نے کہا کہ شاہ رخ خان، اجے دیوگن، اور ٹائیگر شراف جیسے رول ماڈلز نوجوانوں پر اثر انداز ہوتے ہیں اور اس طرح کے پروڈکٹ کی توثیق کر کے وہ انہیں گمراہ کر رہے ہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنی نے پان مسالے میں زعفران ہونے کے دعووں کی حمایت کے لیے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا اور پیکیجنگ پر انتباہ اتنے چھوٹے متن میں لکھا گیا ہے کہ اسے پڑھنا تقریبا ناممکن ہے، جس سے شفافیت کے بارے میں سوالات اٹھتے ہیں۔درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ اس اشتہار پر فوری پابندی عائد کی جائے اور اداکاروں اور کمپنی پر جرمانہ عائد کیا جائے۔کوٹا کنزیومر ڈسپیوٹ ریڈرسل کمیشن نے شاہ رخ خان، اجے دیوگن، ٹائیگر شروف اور پان مسالہ بنانے والی کمپنی ویمل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے۔
شاہ رُخ خان، اجے دیوگن اور ٹائگر شروف کیخلاف مقدمہ درج
2