اسلام آباد( اباسین خبر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کی تاریخ اور عالمی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے کبھی بھی قابض ملک کا کردار ادا نہیں کیا اور نہ ہی دوسرے ملکوں میں مداخلت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی سے خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بلکہ اس کی ترقی دنیا کے لیے خوش آئند ہے۔انہوں نے پاک-چین دوستی کو سدا بہار اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نسلوں پر محیط ہیں۔ صدر زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی حکمت عملی اور طرز حکمرانی نے چین کو ترقی کی کئی منازل تک پہنچایا ہے۔صدر نے مزید کہا کہ پاکستان چین کی ترقی سے مکمل طور پر مستفید ہونے کا خواہاں ہے اور چینی عوام سے محبت رکھتے ہیں۔ چین کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان کے زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے صدر زرداری نے کہا کہ چین پاکستان کے زرعی شعبے کی مدد کر سکتا ہے اور اس کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کی فی ایکڑ پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ چین کے ساتھ خصوصی انڈسٹریل پارکس پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین کی خلائی شعبے میں ترقی میں پاکستان اپنا کردار بڑھا رہا ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اولین ترجیح چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور اپنے ملک کی استحکام پر مرکوز ہونا ہے۔
چین دوسرے ملکوں میں مداخلت نہیں کرتا،صدر مملکت
5