بوسان( مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی کوریا کے شہر بوسان کے گیمہائی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایئر بوسان کی پرواز بی ایکس 391 کے ایئر بس اے 321 طیارے کے پچھلے حصے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ایک سنگین صورتحال پیدا ہوگئی۔یہ واقعہ رات 10:30 بجے اس وقت پیش آیا جب طیارہ ہانگ کانگ کے لیے اپنی طے شدہ پرواز کی تیاری کر رہا تھا۔ حکام نے فوری طور پر ہنگامی پروٹوکول نافذ کیا، جس کے نتیجے میں طیارے پر سوار 176 مسافروں اور عملے کے تمام ارکان کو کامیابی سے باہر نکال لیا گیا۔ مقامی فائر رسپانس ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہو گئیں۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ انخلا کے دوران کسی بھی شخص کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ آگ پر قابو پانے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ چلایا جا سکے۔ایئر بوسان اور گیمہائی ہوائی اڈے کے حفاظتی عملے کی فوری اور مثر کارروائی نے اس سنگین صورتحال کو کامیابی سے سنبھال کر ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔
مسافر طیارے میں ٹیک آف سے قبل خوفناک آتشزدگی، مسافر اور عملہ بحفاظت نکلنے میں کامیاب
2