پشاور( اباسین خبر)وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے اقوام متحدہ کے اعلی سطح وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان محمد یحیی نے کی۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کی جانب سے جاری مختلف فلاحی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعلی نے پولیو کے خاتمے، زچہ و بچہ کی صحت، اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کی روک تھام جیسے اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انسداد پولیو مہم کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے بھی حکومتی اقدامات پر بات کی اور ضم اضلاع میں 36 ہزار بچیوں کو تعلیمی وظائف دینے کی منصوبہ بندی کا ذکر کیا۔ملاقات میں دیگر اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی، جیسے کہ ماحولیات، کلچر، سیاحت، اور دیہی ترقی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام مذہبی اور ثقافتی اقلیتوں کی فلاح کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور عبادت گاہوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا منصوبہ جاری ہے۔وفد نے خیبر پختونخوا میں حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کاوشیں عوامی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی نے اقوام متحدہ کے اداروں کے ساتھ مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ان کے عملے کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے کی بات کی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے اقوام متحدہ کے وفد کی ملاقات
2