کو ئٹہ (اباسین خبر)اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے خیراوہ کے فیڈر کی بحالی کے کام کا معائنہ کیا اور اس پر جاری کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واپڈا کے ایکسیئن سیف اللہ جاموٹ سے ملاقات میں خیراوہ کی فیڈر کی تکمیل اور خضدار کے سول ہسپتال میں بجلی کی مکمل فراہمی پر مشاورت کی۔میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ وہ پہلے ہی کوئٹہ میں اس معاملے پر اہم ملاقاتیں کر چکے ہیں اور خضدار کے سول ہسپتال کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، خیراوہ کے فیڈر کے لیے مکمل فنڈز بھی منظور ہو چکے ہیں اور اس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ رمضان المبارک سے پہلے خیراوہ کے عوام کو بجلی کی مکمل سہولت فراہم کر دی جائے گی۔ایکسیئن واپڈا سیف اللہ جاموٹ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ خود خیراوہ میں جاری بجلی کے کام کا معائنہ کریں گے اور فیڈر کے کنکشنز کو مکمل بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی بجلی کے کنکشنز کو الگ کرکے ان کی مکمل بحالی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مریضوں کو بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ خضدار کی فیڈرز کو بڑھانے کا مقصد عوام کو بہتر بجلی کی سہولت فراہم کرنا ہے، اور خیراوہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک ماہ کے اندر کام مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید سے پہلے خیراوہ کے عوام کو بجلی کی سہولت ملنی چاہیے۔اس موقع پر ان کے ساتھ رئیس تنویر کرد، سیف اللہ ساجدی اور طارق مردوئی بھی موجود تھے۔
خضدار، سول ہسپتال کو درپیش مسائل حل کررہے ہیں، یونس زہری
2