اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی حکومت سرکاری ملازمین اور افسران کو مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے میں ناکام رہی ہے، اور رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سرکاری ملازمین نے 8 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی۔دستیاب دستاویزات کے مطابق، اس عرصے کے دوران سرکاری ملازمین نے 23 کروڑ 71 لاکھ یونٹس سے زائد بجلی استعمال کی، جن میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین و افسران دونوں شامل ہیں۔ مفت بجلی استعمال کرنے والے ملازمین کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار ہے۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایک لاکھ 13 ہزار حاضر سروس افسران و ملازمین نے 5 ارب روپے سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی، جبکہ ان ملازمین نے 14 کروڑ 96 لاکھ یونٹس بجلی استعمال کی۔اسی طرح، 88 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین نے 3 ارب روپے سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی، اور انہوں نے 8 کروڑ 75 لاکھ یونٹس بجلی استعمال کی۔ مفت بجلی استعمال کرنے والوں میں گریڈ ایک سے لیکر گریڈ 22 تک کے افسران و ملازمین شامل ہیں۔یہ افسران اور ملازمین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)، واپڈا، این ٹی ڈی سی، سرکاری بجلی گھروں (جنکوز) اور پی آئی ٹی سی سے تعلق رکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت اور پاور ڈویژن نے ان کی مفت بجلی کی سہولت بند کرنے کی کوشش کی، تاہم اس میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
وفاقی حکومت ملازمین اور افسران کی مفت بجلی بند کرنے میں ناکام
3