کراچی ( اباسین خبر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن میں 505 کامیاب طالب علموں کو اسناد تفویض کی گئیں، جبکہ یونیورسٹی نے فلسطینی طالب علموں کی فیسیں معاف کرنے اور انہیں وظیفے دینے کا بھی اعلان کیا۔یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ڈاکٹر آف فارمیسی، ماسٹر آف ہیلتھ، بیچلر آف سائنس نرسنگ سمیت مختلف شعبوں کے 505 فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو گریجویٹ کی اسناد دی گئیں۔ اس تقریب میں بہترین اساتذہ کو ایوارڈز بھی دئیے گئے۔کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان اور یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی، جبکہ پہلی بار ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے فارغ التحصیل طلبا کو بھی ڈگریاں دی گئیں۔ڈاکٹر محمد اعزاز الرحمن (ایم بی بی ایس) اور ڈاکٹر امیرہ عمر (بی ڈی ایس) کو بہترین گریجویٹس کا ایوارڈ دیا گیا۔ مجموعی طور پر 19 گولڈ، 7 سلور اور 5 کانسی کے میڈلز تقسیم کیے گئے۔ ڈاکٹر کرن فاطمہ (ایم ایس پی ایچ) نے بہترین گریجویٹ کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ مختلف پروگرامز میں دیگر ٹاپ پوزیشن ہولڈرز میں فبیحہ افضل (بی بی اے)، نیہا (بی ایس پی ایچ) اور ادیبہ شاہ (بی بی اے ایچ سی ایم) شامل ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے گریجویٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سے 12 سالوں میں ڈاکٹرز سمیت دیگر شعبوں میں 3 ہزار افراد فارغ التحصیل ہو کر پاکستان اور بیرون ملک دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے فلسطینی طالب علموں کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غزہ سے جناح یونیورسٹی آنے والے 25 فلسطینی طالب علموں کو داخلے اور وظیفے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم فلسطینی طالب علموں کی فیسیں معاف کی جائیں گی۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے تعاون سے جناح اسپتال میں پہلا ویسکیولر سرجری یونٹ قائم کیا جا رہا ہے اور یونیورسٹی نے المنائی کے تعاون سے پہلی جینیٹک لیبارٹری بھی قائم کی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں کے لیے پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا فلسطینی طلبا کی فیسیں معاف اور وظیفے دینے کا اعلان
4
پچھلی پوسٹ