کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جس سے صوبے کے بیشتر علاقوں میں سخت سرد موسم کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سردی مزید بڑھنے کی توقع ہے۔موسمی ماہرین کے مطابق، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ، ژوب میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیارت میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔اس کے علاوہ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ، نوکنڈی میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ اور چمن میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گوادر اور جیوانی میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 10 اور 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔سردی کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ بھی سامنے آیا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ
6