کراچی ( اباسین خبر)میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ سڑکوں کی بندش کے حوالے سے مذہبی جماعتوں سے مذاکرات جاری ہیں، اور انہوں نے پرامن احتجاج کی حمایت کی، مگر یہ بھی کہا کہ احتجاج کی آڑ میں عوام کو تکلیف دینا درست نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر احتجاج کے دوران ایمبولینسوں یا پولیس کی گاڑیوں کا راستہ بند کیا جائے تو یہ قابل قبول نہیں ہے۔عزیز بھٹی پارک میں اربن فاریسٹ کے افتتاح کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے مختلف منصوبے جاری ہیں، جن میں اربن فاریسٹ اور فروٹ فاریسٹ شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد ماحولیاتی توازن کو بہتر بنانا اور کراچی کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کراچی کی ترقی کے حوالے سے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے مالی حالات کو بہتر بنایا ہے اور اب کے ایم سی ماہانہ اتنی رقم کما رہی ہے جتنی ماضی میں سالانہ حاصل کی جاتی تھی۔ انہوں نے کراچی کے پانی کے مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا اور واٹر بورڈ کے حوالے سے بھی جلد پریس کانفرنس کا اعلان کیا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی مسائل کے حل پر توجہ دے اور ترقیاتی کاموں کی اہمیت کو سمجھیں۔ انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں جیسے ملیر ایکسپریس وے اور شاہ فیصل کالونی کی سڑکوں کی بحالی پر بھی بات کی، اور کہا کہ کراچی کی انتظامیہ مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
سڑکیں بند کرنیوالے لوگ مزارِ قائد کے پاس خالی میدان میں پُرامن احتجاج کرلیں، میئر کراچی
5