ممبئی( شو بز ڈیسک)معروف پنجابی گلوکار اے پی ڈھلوں نے بھارتی کنسرٹس میں سیکنڈز کے اندر ٹکٹ “سولڈ آٹ” ہونے کے دعووں پر شدید تنقید کی ہے۔ دی رنویر شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان ٹکٹنگ حکمت عملیوں کو غیر منصفانہ قرار دیا جو مداحوں کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہیں۔اے پی ڈھلوں نے کہا: “یہ کہنا کہ 15 سیکنڈز میں شو کے ٹکٹ بِک گئے، سراسر غلط ہے۔ اصل میں یہ سب مارکیٹنگ کا کھیل ہے۔” انہوں نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر ٹکٹ پہلے ہی پروموٹرز کو فروخت کر دیے جاتے ہیں، جس کے بعد مداحوں کو انہیں مہنگے داموں خریدنا پڑتا ہے۔گلوکار نے مزید کہا: “ہمیں لگا کہ ہمیں بھی اس کھیل میں شامل ہونا چاہیے، لیکن پھر ہم نے سوچا کہ ہم ایسے کیسے اپنے مداحوں کے ساتھ دھوکہ کر سکتے ہیں۔” اس کے بعد اے پی ڈھلوں نے ایک اور انکشاف کیا کہ انہیں گلوکار دلجیت دوسانجھ نے انسٹاگرام پر بلاک کر دیا ہے۔سوشل میڈیا پر بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اے پی ڈھلوں نے ٹکٹوں کی فروخت کے عمل کو فراڈ قرار دے کر دلجیت دوسانجھ پر چوٹ کی ہے، کیونکہ ان کے کنسرٹس کے ٹکٹ ہمیشہ فوری طور پر فروخت ہو جاتے ہیں۔ اس تنقید کے بعد دلجیت دوسانجھ کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اے پی ڈھلوں نے دلجیت دوسانجھ پر ایک اور وار کردیا
1