کراچی ( کامرس ڈیسک)ڈائریکٹوریٹ کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساتھ کراچی نے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلسازی سے رجسٹرڈ کمپنی کا سراغ لگایا ہے۔ڈائریکٹر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساتھ، شیراز احمد کے مطابق، میسرز فضل ربی انٹرپرائز کے نام سے ایک کمپنی لسبیلہ حب، بلوچستان میں رجسٹرڈ کرائی گئی تھی، جس نے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 20 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کی مصنوعات درآمد کیں اور قومی خزانے کو 14 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ڈیوٹی و ٹیکسوں کی مد میں نقصان پہنچایا۔کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے کمپنی کی جانچ پڑتال کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ کمپنی کے رجسٹرڈ پتے پر کوئی اور کاروبار ہو رہا تھا، اور وہاں کے کاروباری افراد نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس پتے پر کبھی بھی فضل ربی انٹرپرائز نام کی کوئی کمپنی موجود نہیں رہی۔ مزید تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ کمپنی نے کبھی بھی ایکسپورٹ نہیں کی تھی، حالانکہ بینک اکانٹ سے 20 کروڑ روپے کا لین دین ریکارڈ پر آیا۔حکام نے کسٹمز وی باک سسٹم کے ذریعے مزید جانچ پڑتال کی اور معاملے کی سنگینی کے پیش نظر مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو مزید کارروائی کر رہی ہیں۔
جعلسازی سے رجسٹرڈ کمپنی پکڑی گئی، خزانے کو 14 کروڑ کا نقصان
7