کراچی( اباسین خبر)سندھ ہائی کورٹ نے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست پر کے ایم سی اور درخواست گزاروں سے ریکارڈ طلب کرلیا۔سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچ کے روبرو کے ایم سی کے ریٹائرڈ ملازمین کی واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل نے مقف اپنایا کہ کے ایم سی کے مختلف شعبوں سے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کی ادائیگی نہیں کی جارہی، جن کا تعلق سٹی وارڈن، سینیٹیشن اور دیگر شعبوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین 4 سالوں سے دفاتر میں دھکے کھا رہے ہیں اور واجبات ادا نہیں کئے جا رہے، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین بیمار ہیں اور انہیں علاج معالجے کے لئے واجبات کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔کے ایم سی کے وکیل نے مقف اپنایا کہ ملازمین کو پینشن ادا کی جارہی ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد دیگر مراعات کے اہل نہیں ہیں۔عدالت عالیہ نے کے ایم سی اور درخواست گزاروں سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بتایا جائے کہ درخواست گزاروں کو پینشن کی مد میں کتنی ادائیگی کی گئی ہے۔عدالت نے درخواست کی سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے تین ہفتے بعد مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
کے ایم سی ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق ریکارڈ طلب
2