نصیرآباد( اباسین خبر) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حر جماعت کے روحانی پیشوا پیر پگارا نے کہا کہ ہم اپنے ووٹ الف کو دیتے ہیں لیکن حکومت ب پارٹی بنا لیتی ہے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت جھوٹ پر قائم ہے اور چل نہیں رہی۔پیر پگارا نے مزید کہا کہ اگر حکومت روزگار فراہم نہیں کر سکتی تو کم از کم عزت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں بیٹھے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں اور آپ کے اور میرے ووٹ سے نہ حکومت بنتی ہے نہ ٹوٹتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر عزت دار لوگ سیاست سے باہر ہو جائیں گے تو پھر ملک ٹھیکیداروں کے ہاتھوں میں چلا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک کے مفاد میں سوچنا ہوگا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ سیلاب جیسے قدرتی آفات میں فوج ہی مدد کے لیے آتی ہے۔پیر پگارا نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہو تو معاملات بہتر ہوں گے، ورنہ گاڑی اسی طرح چلتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پتا تھا کہ 70 سال سے انتخابات کس طرح ہوتے ہیں، اس بار عالمی سطح پر بھی یہ بات سامنے آ گئی کہ انتخابات کیسے ہوتے ہیں۔پانی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ انہوں نے جن علاقوں کا دورہ کیا، وہاں لوگوں کا حال دیکھ کر افسوس ہوا۔ کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پینے اور نہانے کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صدر زرداری نے کینالز کے لیے این او سی دیا ہے تو وہ کچھ نہیں کر سکتے۔فنکشنل لیگ کے سربراہ نے سیلاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے دوران سب پریشان ہوتے ہیں کہ بند نہ ٹوٹ جائے، لیکن بعد میں لوگوں کو پانی کے لیے لڑنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو پانی ملے گا تو وہ بلوچستان کی طرف جائے گا۔
ووٹ الف کو دیتے ہیں حکومت میں ب آ جاتا ہے: پیر پگارا
3