واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل پروگرام پر شدید تحفظات ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا نے کبھی بھی پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا عالمی عدم پھیلا کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے، لیکن پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے اور اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں تحفظات ایک طویل عرصے سے موجود ہیں۔اس سے قبل امریکا کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے کہا تھا کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل امریکا کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان طویل فاصلے کے بیلسٹک میزائل بنا رہا ہے جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ امریکا تک اپنے اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں اور یہ میزائل جوہری ہتھیاروں سے لیس بھی ہو سکتے ہیں۔امریکی نائب قومی سلامتی کے مشیر نے اسلام آباد کے میزائل پروگرام کے مقاصد پر شکوک کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کا بیلسٹک میزائل پروگرام امریکا کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے 4 اداروں پر بیلسٹک میزائل کی تیاری میں معاونت پر پابندی عائد کی تھی۔ اس فیصلے میں کہا گیا کہ امریکا جوہری ہتھیاروں اور اس سے وابستہ سرگرمیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا، اور یہ فیصلہ پاکستان کے میزائل پروگرام کی وسعت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر تحفظات ہیں، امریکا
3