اسلام آباد( اباسین خبر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 47 کے بعد این اے 48 کی الیکشن ٹریبونل کی کارروائی بھی روکنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی امیدوار علی بخاری کی درخواست پر سماعت کی، جس میں علی بخاری اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے حلقہ این اے 48 سے پی ٹی آئی امیدوار علی بخاری کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کو علی بخاری کی الیکشن پٹیشن کی حد تک کارروائی سے روک دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ این اے 46 کی حد تک الیکشن ٹریبونل کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا، اور کیس کی آئندہ سماعت رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 سے راجہ خرم شہزاد نواز رکن قومی اسمبلی بنے تھے، اور علی بخاری نے خرم شہزاد نواز کی کامیابی کے خلاف اپیل سننے والے الیکشن ٹریبونل کو چیلنج کر رکھا ہے۔ جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیلیں سن رہے ہیں۔الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق کیس 24 دسمبر کے لیے مقرر کر رکھا تھا، لیکن عدالت کے حکم کے بعد الیکشن ٹریبونل این اے 47 اور 48 سے متعلق کارروائی آگے نہیں بڑھا سکے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا این اے 48 کی الیکشن ٹریبونل کارروائی بھی روکنے کا حکم
3