کوئٹہ(اباسین خبر) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ اور دکھوں کا مداوا کرنے کا وقت آگیا ہے۔میچنگ گرانٹس کے تیسرے مرحلے میں چیکس کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بلوچستان میں اتنا پوٹینشل ہے کہ اگر ہم مواقع فراہم کریں اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں تو یہ پورے پاکستان کو سنبھال سکتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے یوتھ اور وومن امپاورمنٹ کے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا۔رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بحال ہو رہی ہے اور تمام اقتصادی اشاریے مثبت ہیں، جبکہ دنیا کے وہ ممالک جو آٹھ سال تک پاکستان کا رخ نہیں کر رہے تھے، آج یہاں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ بیرونی سرمایہ کاری سے مواقع بڑھیں گے، جو پاکستانیوں کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد فراہم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف مواقع پر بچوں اور بچیوں سے بات چیت کی، اور یہ محسوس کیا کہ وہ کام کے جذبے سے سرشار ہیں۔ رانا مشہود نے سیلانی ٹرسٹ اور نیوٹیک کے ساتھ مل کر ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو وہ مواقع فراہم کیے جائیں، جو وہ اپنے علاقے کی ترقی کے لیے چاہتے ہیں۔ ہمیں اپنے ماضی کو نہیں بھولنا چاہیے، اور وقت آچکا ہے کہ قربانیوں کا ازالہ کیا جائے۔
بلوچستان کی محرومیاں دور، دکھوں کا مداوا کرنے کا وقت آگیا: رانا مشہود
5