اسلام آباد( اباسین خبر)پاکستان نے امریکی پابندیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان فیصلوں کو متعصبانہ قرار دیا ہے، جن میں نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس اور تین دیگر تجارتی اداروں پر بیلسٹک میزائل پروگرام میں مدد فراہم کرنے پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، یہ پابندیاں بدقسمتی اور متعصبانہ ہیں۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کی سٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد صرف اپنی خودمختاری کا دفاع کرنا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا تحفظ ہے، اور ایسی پابندیاں امن و سلامتی کے اصولوں کے خلاف ہیں، جن کا مقصد فوجی عدم توازن کو بڑھانا ہے۔پاکستان نے واضح کیا کہ اس کا سٹریٹجک پروگرام ایک مقدس امانت ہے جسے اس کی قیادت اور 240 ملین عوام کی جانب سے عطا کیا گیا ہے، اور اس پر کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ نجی تجارتی اداروں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جو ماضی میں بغیر کسی ثبوت کے محض شکوک و شبہات پر مبنی تھیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ دوہرے معیار اور امتیازی طرز عمل نہ صرف عدم پھیلا کے اصولوں کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ پیدا کرتے ہیں۔
امریکی پابندیوں پر پاکستان کا سخت ردعمل، فیصلہ متعصبانہ قرار
5