لاہور( ہیلتھ ڈیسک)موسم سرما میں کھانسی، نزلہ، زکام اور بخار جیسے مسائل کا سامنا اکثر لوگوں کو ہوتا ہے، خاص طور پر بچوں کو سرد ہواں اور موسمی تبدیلیوں کے دوران۔ ان بیماریوں سے نجات کے لیے کچھ گھریلو ٹوٹکے ہیں جو آپ استعمال کر سکتے ہیں۔ حکیموں کے مطابق یہ ٹوٹکے بہت مفید ہیں:نزلہ اور زکام کے لیے: ایک چمچ شہد میں چند قطرے ادرک کا رس ملا کر نیم گرم پانی کے ساتھ بچوں کو پلائیں۔ یہ نسخہ ایک سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے مناسب نہیں۔بچوں کو ٹھنڈ لگ جانا: لہسن کے چند جوے اور ایک چمچ اجوائن کو توے پر سینک کر ململ کے کپڑے میں باندھ کر پوٹلی بنا لیں۔ یہ پوٹلی سوئے ہوئے بچے کے نزدیک رکھیں۔ یہ ٹوٹکا ٹھنڈ کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔سینے کی جکڑن اور کھانسی: گرم پانی میں کچلا ہوا تازہ ادرک اور ایک چمچ شہد ملا کر پئیں۔ یہ بلغم کو خارج کرتا ہے اور بخار کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ تلسی کے پتوں کا رس بھی شامل کریں تو یہ مزید موثر ہوگا۔کھانسی کا شربت: گھر پر کھانسی کا شربت بنانے کے لیے ادرک، تلسی، بڑی الائچی اور کالی مرچوں کو پانی میں جوش دے کر چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کر لیں۔ شہد شامل کر کے بچوں کو پلائیں۔ یہ شربت کھانسی کو دور کرنے کے لیے مفید ہے۔گلے کا درد: پیاز کا رس نکال کر ایک چمچ پی لیں، یہ عمل چند دن تک دہرائیں۔ گلے کا درد کم ہونے لگے گا۔ناک کا بند ہونا: نیم گرم پانی میں سیب کا سرکہ اور پسی ہوئی لال مرچ ڈال کر پی لیں۔ یہ نسخہ دن میں دو بار استعمال کریں تاکہ ناک کی بندش سے نجات مل سکے۔یہ دیسی طریقے طبی امداد کے طور پر استعمال کیے جا سکتے ہیں، لیکن اگر بیماری کی شدت ہو یا علامات میں بہتری نہ آئے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
موسم سرما کے امراض کا گھریلو علاج
5