لاہور( سپورٹس ڈیسک)بھارت کی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہ آنے پر آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایونٹ کی میزبانی سونپے گاپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارت کی ٹیم کے پاکستان نہ آنے سے ہونے والے مالی نقصان کی تلافی کے لیے آئی سی سی ایک اور ایونٹ کی میزبانی سونپے گا۔رپورٹ کے مطابق، پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، جہاں چیمپئنز ٹرافی سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔محسن نقوی نے اجلاس میں کہا کہ آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، اور معاہدے کو تحریری شکل دینے کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول ایک یا دو دن میں اعلان کر دیا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ بھارت نے پاکستان نہ جانے پر زرتلافی دینے کی پیشکش کی تھی، لیکن پی سی بی نے کوئی سمجھوتہ نہ کیا اور قومی وقار کو دیکھتے ہوئے ایک نیا ماڈل پیش کیا، جس کے تحت اگلے تین سالوں تک دونوں ممالک میں آئی سی سی ایونٹس کے دوران ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک نہیں جائیں گی۔پی سی بی کو 2028 میں ویمنز ٹورنامنٹ کی میزبانی سونپنے کے علاوہ آئی سی سی نے پاکستان میں کوئی ایونٹ کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے نہ آنے سے ہونے والے نقصان کی تلافی ہو سکے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ آئی سی سی کا اعلان فی الحال چیمپئنز ٹرافی تک ہی محدود ہو سکتا ہے، اور تین سالہ معاہدے کا اعلان ابھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا۔ پی سی بی نے عالمی کونسل پر واضح کر دیا تھا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو پاکستان کسی بھی انتہائی قدم کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
آئی سی سی کی پاکستان کو ایک اور میگا ایونٹ کی میزبانی دینے کی یقین دہانی
5