پشاور( اباسین خبر)خیبرپختونخوا کے سیکڑوں بلدیاتی نمائندوں نے فنڈز کی عدم ادائیگی پر وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے اڈیالہ جیل کا رخ کیا۔ راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب ان کے قافلے کو روک کر جیل کی طرف جانے سے منع کیا، جس پر مظاہرین نے اڈیالہ جیل روڈ کو بلاک کر دیا۔مظاہرین نے خیبرپختونخوا حکومت اور وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کے خلاف نعرے بازی کی اور بانی پی ٹی آئی سے مطالبات کی منظوری کے لیے اپنے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ بلدیاتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے تین سال سے ان کے فنڈز روک رکھے ہیں اور 2022 میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کے ذریعے ان کے اختیارات کو محدود کیا گیا تھا۔بلدیاتی نمائندوں نے وزیراعلی علی امین گنڈاپور سے متعدد ملاقاتوں کا ذکر کیا، جن میں انہوں نے فنڈز اور اختیارات بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر ان وعدوں پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ مردان کے میئر نے اس بات کا ذکر کیا کہ پی ٹی آئی وفاقی سطح پر قانون اور آئین کی بات کرتی ہے، لیکن صوبائی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ نا انصافی کیوں کی جا رہی ہے۔بلدیاتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت انصاف اور قانون کی بات کرتی ہے، تو پھر ان کے حقوق کیوں نہیں دیے جا رہے؟ ان کا مطالبہ تھا کہ بانی پی ٹی آئی ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں تاکہ مقامی سطح پر ترقی کا عمل دوبارہ شروع ہو سکے۔
خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا فنڈز کی عدم ادائیگی پر احتجاج، اڈیالہ کا رخ کرلیا
10