لاہور( اباسین خبر) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کسانوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کسانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات زمین سے اناج اگا کر ہمارے غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی ترقی کے لئے زراعت کے شعبے کو بہتر بنا رہی ہے۔ اس ضمن میں کسان کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے جس کے ذریعے کسان اربوں روپے کی قیمت کے کھاد، بیج اور دیگر زرعی مداخل خرید چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، کاشتکاروں کو پیداواری قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی میکانزیشن کے ذریعے کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ حکومت بلا سود آسان اقساط پر گرین ٹریکٹرز فراہم کر رہی ہے اور زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔وزیراعلی پنجاب نے لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی پال کسانوں کو ویکسین، علاج اور چارہ فراہم کرنے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زراعت، مویشی بانی اور دیہی معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا اور کسانوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
کسانوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے: مریم نواز
9