گوادر ( اباسین خبر)این آئی ڈی دسمبر کے تحت انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے کیا۔ افتتاحی تقریب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سول اسپتال گوادر میں منعقد ہوئی، جہاں معزز مہمانوں نے بچوں کو پولیو سے بچا کے حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک خطرناک وائرس ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کر سکتا ہے۔ انہوں نے والدین، سول سوسائٹی اور معاشرے کے تمام ذمہ دار افراد سے اپیل کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کے مستقبل کو معذوری سے بچانے کے لیے اجتماعی کاوشیں ضروری ہیں۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی کرنے والے افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی بچہ حفاظتی قطرے پلانے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم اپنے ملک کو پولیو جیسے موذی وائرس سے نجات دلائیں۔ اس موقع پر انہوں نے تمام ٹیموں کو بہترین کارکردگی یقینی بنانے کی تاکید کی اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم کا حصہ بنیں۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر شریف میاں داد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی، ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہنواز بلوچ، ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس او ڈاکٹر ظفر اقبال، اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے سرویلنس آفیسر ڈاکٹر فاروق بلوچ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔پولیو مہم کے دوران ضلع گوادر کے تمام علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تمام تحصیلوں میں ٹیمیں متحرک ہیں، جن کی نگرانی متعلقہ افسران کریں گے تاکہ مہم کے اہداف کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کا بھرپور تعاون ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے عزم میں مددگار ثابت ہوگا۔
پولیو مرض بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کر سکتا ہے،مولانا ہدایت الرحمان
8