پشاور( اباسین خبر)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا بلکہ فریقین نے مزید مشاورت کے لیے ایک دن کا وقت مانگا ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ جرگہ ٹوٹنے کی خبریں بے بنیاد ہیں اور ایسی خبریں امن دشمنوں کی کارستانی ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر غیر ضروری پروپیگنڈہ سے اجتناب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک دن کا وقفہ بنکرز کے خاتمے اور اسلحہ جمع کرنے پر مشاورت کے لیے مانگا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ بنکرز اور اسلحہ حوالگی کے حوالے سے فریقین نے اپنے بڑوں سے مشاورت کے لیے ایک دن کا وقت طلب کیا تھا، جبکہ کابینہ کے فیصلے کے مطابق بنکرز کا خاتمہ اور اسلحہ جمع کرانا ضروری ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ حکومت علاقے میں مستقل امن چاہتی ہے، اور بنکرز کا خاتمہ اور علاقے کو اسلحہ سے پاک کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ روڈ کی بندش کے باعث عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور وزیراعلی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں، جب کہ زخمیوں کو بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی نے محکمہ خوراک کو 2 ہزار میٹرک ٹن گندم پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرم کا مسئلہ 120 سال پرانا ہے اور اس کے مستقل حل میں وقت لگ سکتا ہے، تاہم وزیراعلی کی مخلصانہ کوششوں سے اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ بہت جلد مسئلہ حل ہو جائے گا اور علاقے میں مستقل امن قائم ہو جائے گا۔
کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، فریقین نے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے: بیرسٹر سیف
7