لاہور( اباسین خبر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) کی 10ویں برسی پر اپنے پیغام میں اس المناک واقعہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے یہ سبق دیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔مریم نواز نے یاد دلایا کہ 16 دسمبر 2014 کی سیاہ صبح پاکستانی قوم کے دلوں پر نقش ہے جب دہشت گردوں نے 147 معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کو سفاکیت سے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف سکول بلکہ انسانیت، تعلیم اور پاکستان کے روشن مستقبل پر حملہ تھا۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ اے پی ایس کے شہدا ہماری قوم کے ہیرو ہیں، اور ان کے والدین و اہلخانہ کا حوصلہ اور صبر قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کا خواب ایک بہتر پاکستان تھا، اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس خواب کو حقیقت میں بدلیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ہی ہم ان کا حق ادا کر سکتے ہیں۔
سانحہ اے پی ایس نے سبق دیا دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے: مریم نواز
6