اسلام آباد( اباسین خبر) دفتر خارجہ نے جنوبی یونان میں کشتی الٹنے کے واقعے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے اور 47 پاکستانیوں کے بچ جانے کی تصدیق کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق، اس حادثے میں بچ جانے والوں میں 47 پاکستانی شامل ہیں، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی شہری بھی شامل ہے۔ حادثے کے بعد لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ممتاز زہرا بلوچ نے مزید بتایا کہ اس وقت جاں بحق یا لاپتہ پاکستانیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ تاہم، پاکستانی سفارت خانہ ہیلینک کوسٹ گارڈ اور چانیا کے کوسٹ گارڈ کے ساتھ رابطے میں ہے، جو براہ راست تلاش اور بچا کی کارروائیوں کو انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سفارت خانے کے اہلکار بازیاب پاکستانیوں سے ملنے کے لیے کریٹ پہنچ چکے ہیں اور انہیں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے موجود ہیں۔یاد رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے سے ایک پاکستانی سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ بچ جانے والوں میں 47 پاکستانی شامل ہیں اور ریسکیو آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
یونان کشتی حادثہ: دفتر خارجہ کی ایک پاکستانی جاں بحق، 47 کے بچنے کی تصدیق
6