ہری پور( اباسین خبر)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ریاست ہمیں بغاوت پر اکسا رہی ہے۔ حویلیاں میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس حلقے میں کچھ نہیں کیا، اور میں نواز شریف کی طرح جھوٹ نہیں بولوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فسطائیت اور فرعونیت کا مقابلہ کر رہی ہے، اور جو حال فرعون کا ہوا، وہی ان لوگوں کا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔وزیراعلی نے مزید کہا کہ وہ فوجی کا بیٹا اور بھائی ہیں، مگر افسوس کہ فوج نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر گولیاں چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس، رینجرز اور فوجی سپاہیوں نے اپنی عوام پر گولیاں چلائیں، اور ریاست ہمیں بغاوت پر اکسا رہی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئندہ ہم پرامن کا نعرہ نہیں لگائیں گے، بلکہ گولی کا جواب گولی سے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلی بار ہم اسلحہ لے کر نکلے تو دیکھیں گے کہ کون بھاگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 12 پی ٹی آئی کارکن شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ میڈیا پر بیٹھے ہوئے مداری یہ کہہ رہے ہیں کہ گولی نہیں چلی۔ علی امین گنڈاپور نے سوال کیا کہ گولی کیوں اور کس کے حکم پر چلائی گئی، اور کہا کہ ہمارے لوگ لاپتا ہیں اور خدشہ ہے کہ انہیں بھی شہید کیا جا چکا ہے۔ 15 دسمبر کو شہدا جمہوریت کی یاد میں اجتماع ہوگا، اور ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہم حقیقی آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔
ریاست ہمیں بغاوت پر اکسا رہی ہے، علی امین گنڈاپور
9
پچھلی پوسٹ