اسلام آباد ( اباسین خبر)انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گرفتار 32 ملزمان کو مقدمات سے ڈسچارج کردیا۔ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی، جس میں ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے عدالت میں پیش ہو کر موقف اختیار کیا۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری تھانہ آئی نائن اور تھانہ مارگلہ سے ظاہر کی، تاہم ملزمان کو جہلم جیل سے عدالت پیش کیا گیا جس پر جج نے برہمی کا اظہار کیا۔پولیس نے دوران سماعت موقف اپنایا کہ ملزمان کو 25 نومبر کو گرفتار کیا گیا اور شناخت پریڈ نہیں ہو سکی، اس لیے 30 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ملزمان کے وکیل نے پولیس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شناخت پریڈ نہیں ہوئی اور پولیس برآمدگی کے لیے ریمانڈ مانگ رہی ہے، جبکہ پولیس نے احتجاج کے کیس میں بے گناہ افراد کو گرفتار کیا۔آخرکار، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے 32 ملزمان کو ہتھکڑیاں کھولتے ہوئے مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا اور کہا کہ اگر پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا تو ان کے اہلکاروں کو ہتھکڑی لگوا دیں گے۔
پی ٹی آئی احتجاج، عدالت نے 32 ملزمان کو مقدمات سے ڈسچارج کردیا
13