کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی ترقیاتی پروگرام 2024-25 پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری بلوچستان، اور صوبائی سرکاری محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کی جاری اور نئی ترقیاتی اسکیمات پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی پیشرفت، سیکٹر وائز ترقیاتی منصوبوں کی اتھارائزیشن اور اجرا شدہ فنڈز کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلی نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ کچھ محکموں نے ترقیاتی بجٹ کا 50 فیصد سے کم استعمال کیا ہے، اور ہدایت دی کہ تمام محکمے اپنے ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت مقررہ وقت تک مکمل کریں۔وزیراعلی نے مزید کہا کہ 210 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پلاننگ کمزور ہو گی تو مقررہ ہدف کا حصول ممکن نہیں ہوگا، اور تمام ترقیاتی منصوبوں پر آئندہ مالی سال کے اختتام سے پہلے فزیکل پراگریس ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روزانہ کی بنیاد پر اسکیمات کی پیش رفت رپورٹ کی جائے۔وزیراعلی نے 25 اسپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر کے حوالے سے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی، اور اس منصوبے کے لیے الگ پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کرنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی محکمے کو الزام نہیں دینا چاہیے بلکہ خود ان اسکیمات کی ذمہ داری اٹھانی چاہیے۔انہوں نے سیکریٹری صاحبان کو ہدایت دی کہ اگلے ہفتے تک تمام غیر منظور شدہ اسکیمات کو فورم سے منظور کروا کر پیش رفت سے آگاہ کریں۔ وزیراعلی نے تعلیم اور صحت کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر کی گنجائش نہیں ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر بر وقت عملدرآمد سے اس کے براہ راست ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔
تمام محکمے اپنے ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت مقررہ وقت تک مکمل کریں،وزیراعلیٰ بلوچستان
12