پشاور( اباسین خبر)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی آمدن میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے اور حکومت اپنی آمدن بڑھا کر نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے وزیراعلی ہاس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تربیت بھی انتہائی اہم ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے انہیں روزگار فراہم کرنا ضروری ہے۔وزیراعلی نے مزید کہا کہ حکومت سب کو سرکاری ملازمتیں نہیں دے سکتی لیکن نجی شعبوں میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو محنت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا اور کامیابی صرف محنت سے حاصل ہوتی ہے۔علی امین گنڈا پور نے یہ بھی کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس کے لئے متعدد پروگرامز شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں “احساس ہنر پروگرام” اخوت مائیکرو فنانس کے ذریعے چلایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو روزگار اور خود مختاری حاصل ہو سکے۔وزیراعلی نے بتایا کہ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کے لئے مختلف پروگرامز کے تحت رواں مالی سال کے بجٹ میں 2 ارب روپے مختص کئے ہیں، جن کے ذریعے 35 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ڈگریاں فراہم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے، تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنے آپ کو تسلیم کروا سکیں۔وزیراعلی نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں، کیونکہ نوجوان قوم کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ان سے پوری قوم کی امیدیں وابستہ ہیں۔
خیبر پختونخواہ کی آمدن میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے ،علی امین گنڈا پور
8