اسلام آباد( اباسین خبر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے (اسلام آباد کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی) کو قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں نئے بننے والے سیکٹر سی 14 کا دورہ کیا، جہاں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس سیکٹر میں پلاٹس کی بکنگ 30 دسمبر تک کی جائے گی، اور اوپن قرعہ اندازی 14 جنوری کو ہوگی۔ محسن نقوی نے سیکٹر سی 14 کے ترقیاتی کاموں کو 15 فروری تک مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو سیکٹر سی 14 اور سیکٹر آئی 11 کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ سیکٹر سی 14 میں اوورسیز پاکستانیوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی، اور یہ سیکٹر اسلام آباد کی پرائم لوکیشن پر واقع ہے، جسے بہترین طرز زندگی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے، اور تمام زیر التوا سیکٹرز میں کام مکمل کیا جائے تاکہ الاٹیز کو ان کے پلاٹس کا فورا قبضہ دیا جا سکے۔محسن نقوی نے سی ڈی اے کو ہدایت دی کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے اور اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔
محسن نقوی کا سی ڈی اے کو قبضہ مافیا کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم
1