اسلام آباد، کوئٹہ( اباسین خبر)ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ کچھ شہروں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں شمالی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔کوئٹہ اور اس کے گردو نواح میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے وادی کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور زیارت میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق قلات میں کم از کم درجہ حرارت 4، کوئٹہ میں 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نوکنڈی میں 10، سبی 14، تربت 17 اور جیونی میں 19 سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت رہا۔شدید برفباری کی وجہ سے وادی کاغان کے سیاحتی مقام ناران کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ شوگراں اور بالاکوٹ کے راستے کھلے ہیں۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں سموگ یا دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا ہے، اور بارش کے امکانات بھی کم ہیں۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع
12