ڈی جی خان( اباسین خبر)پنجاب پولیس نے سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کا 3 دنوں میں دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، پنجاب کے خیبرپختونخوا بارڈر پر واقع ڈی جی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر 20 سے 25 دہشت گردوں نے جدید اور بھاری اسلحہ کے ساتھ حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی، لیکن پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز، اور سی ٹی ڈی کی فوری کارروائی نے انہیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔ جوابی کارروائی میں دہشت گرد بھاری جانی نقصان کے بعد فرار ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چوکی پر تعینات جوانوں نے جدید تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی آمد کا فوری طور پر پتہ چلایا، اور ڈی پی او سید علی کی قیادت میں ایلیٹ اور کیو آر ایف ٹیمیں فورا موقع پر پہنچ گئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس وقت علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ڈی پی او سید علی لکھانی نے کہا کہ پولیس جوان عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے بھی کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے کو کم نہیں کر سکتے، اور ہر حملے کو ناکام بنایا جائے گا۔
پنجاب پولیس نے سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا
27