پشاور( اباسین خبر)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، اور ڈی چوک کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں خطاب سے قبل وزیراعلی نے اسلام آباد میں مظاہرے کے دوران جاں بحق ہونے والے کارکنان کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی۔اپنے خطاب میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حکومت نے اپنی روایات کے مطابق 245 کے تحت فوج کو مظاہرے میں مداخلت کی اجازت دی، اور انار کلی و ماڈل ٹان کے بعد ڈی چوک پر گولیاں برسائی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ دادو خیل سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، پھر چونگی 26 پر بھی گولیاں چلائیں گئیں، اور ہم اپنے بے گناہ لیڈر کی رہائی کے لیے احتجاج کر رہے تھے۔ وزیراعلی نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں عوام اپنے لیڈر کے لیے نکلے، اور انہوں نے چیلنج کیا کہ تاریخ میں اتنا بڑا مارچ کبھی نہیں دیکھا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کارکنان کا خون ضائع نہیں ہونے دیں گے، اور جو لوگ یہ حرکت کریں گے، انہیں عبرت کا سامنا ہوگا۔علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے، اور اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو ہم یہ نعرہ لگانے پر مجبور ہوں گے کہ “ایسا صحیح، تو پھر ایسا ہی صحیح”، جب پنجاب پولیس کے اہلکار پکڑے گئے تو انہوں نے بھی عمران خان کے نعرے لگائے۔خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت 3 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔
پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا: گنڈا پور
26