کراچی ( اباسین خبر)گلشن معمار کے علاقے میں آوارہ کتوں کی بہتات اور شہریوں کو کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات نے علاقے کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جامع مسجد معمور کے باہر ایک شخص کی ٹانگ کتے کے کاٹنے سے لہولہان ہوگئی، جس کے بعد مسجد انتظامیہ نے زخمی شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ویڈیو میں مسجد انتظامیہ نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعے کی نماز کے بعد پیش آیا، اور زخمی شخص مسجد کا خادم تھا۔ ویڈیو میں سیاسی جماعتوں اور گلشن معمار کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ آوارہ کتوں کا کوئی بندوبست کیا جائے تاکہ ان کے کاٹنے کے واقعات ختم ہو سکیں۔علاقے کے مکینوں کے مطابق، آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد اور ان کے کاٹنے کے واقعات کی وجہ سے خواتین اور بچوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔ علاقے کے لوگ حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ آوارہ کتوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ان کے حملوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
کراچی؛گلشن معمار میں سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات سے شہریوں میں خوف و ہراس
21