اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان حکومت نے ایک نیا پانچ سالہ معاشی منصوبہ تیار کیا ہے جس کا مقصد ملکی معیشت کو ایک کھرب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ اس منصوبے کا اعلان وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کیا، جس کے تحت مختلف اہداف طے کیے گئے ہیں۔ ان میں شرح خواندگی کو 70 فیصد تک بڑھانا، غربت کی شرح کو 13 فیصد تک کم کرنا، اور توانائی کے شعبے میں قابل تجدید ذرائع میں اضافہ کرنا شامل ہیں۔اس منصوبے کے مطابق، پاکستان کو 2035 تک عالمی معیشت میں ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنانا ہے، جس کے لیے سالانہ 9.8 فیصد کی شرح ترقی حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس میں 13 پانچ سالہ منصوبوں کی صورت میں اقدامات کیے جائیں گے، جن میں توانائی کے شعبے میں سبسڈی کم کرنا، گردشی قرضوں میں کمی لانا اور ملک میں ہر سال پندرہ لاکھ نئی نوکریاں پیدا کرنا شامل ہیں۔تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے سوشل میڈیا پر لگائی گئی قدغنوں، خاص طور پر فائر وال کو ختم کرنا ضروری ہے۔ اس فائر وال کے نتیجے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جو حکومت کے معاشی ترقی کے اہداف میں رکاوٹ بن رہا ہے۔پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے اس منصوبے میں توانائی، نقل و حمل اور صحت کے شعبے میں اہم تبدیلیاں لانے کی کوشش کی گئی ہے، جیسے کہ ریلوے کا حصہ مسافروں اور سامان کی رسد میں بڑھانا، اور شعبہ صحت میں عالمی انسانی ترقی کے معیار کو بہتر بنانا۔
ایک کھرب ڈالر معیشت کے ہدف کے حصول میں فائروال رکاوٹ قرار
10