لاہور( اباسین خبر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کسانوں کے حقوق کی حمایت کرتی ہے۔گورنر ہاس لاہور میں پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی اور ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی سے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں کسانوں پر زرعی انکم ٹیکس بل پیش کرنے کے دوران واک آٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں، اور جب گندم کا 3900 روپے فی من قیمت کا اعلان کیا گیا تو کسان 2000 روپے میں بھی گندم فروخت کرنے کو تیار نہیں تھے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ زرعی دوائیاں اور بیج بہت مہنگے ہیں اور کسان پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کسانوں کے مسائل سے آگاہ ہیں اور کسی صورت کسانوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائے گی اور حکومت کی جانب سے کسانوں کے خلاف بلوں کی پیشکش احتجاج اور دھرنوں کا باعث بنے گی۔
پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے: گورنر پنجاب
41