لاہور( اباسین خبر) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم اطفال کے موقع پر بچوں کے حقوق اور ان کی بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہے اور بچوں کی صحت، تعلیم، تحفظ اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ بچے اللہ تعالی کا خاص تحفہ ہیں اور ان کی مسکراہٹ سے زیادہ خوبصورت کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معصوم بچوں کا بہترین مستقبل ہماری ذمہ داری ہے اور ان کی تعلیم، صحت اور تحفظ پر کام کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری غذائی اجزا فراہم کرنے کے لیے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ ارلی چائلڈہوڈ سکول سسٹم کے ذریعے بچوں کی ذہنی و فکری نشوونما کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے بچوں کے تحفظ کے لیے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کے قیام کی بھی اطلاع دی۔مریم نواز نے کہا کہ ذیابیطس کے مریض بچوں کے لیے چیف منسٹر انسولین پروگرام کے تحت گھر پر مفت انسولین فراہم کی جائے گی، جبکہ ویکسینیشن پروگرام کے ذریعے بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جائے گا۔خصوصی بچوں کے لیے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سکول بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے ظلم و زیادتی اور چائلڈ لیبر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا عزم ظاہر کیا۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ ہر بچہ محفوظ، صحت مند اور تعلیم یافتہ ہو، اور بچوں کے حقوق کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔یوم اطفال کے اس موقع پر وزیر اعلی نے کہا کہ اس دن کا مقصد بچوں کے حقوق کو اجاگر کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ ان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔
بچوں کی صحت ،تعلیم اور ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں : مریم نواز
27